دبئی میں دو پاکستانی نوجوان قتل، مبینہ ملزم گرفتار، تحقیقات جاری.

23

دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دو پاکستانی نوجوانوں کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ضلع لوئر چترال، تحصیل دروش سے ہے۔
ذرائع کے مطابق تین چترالی نوجوان روزگار کے سلسلے میں دبئی میں مقیم تھے اور ایک ہی رہائش گاہ میں رہتے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اچانک ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں پرتشدد جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔ مبینہ طور پر ناصر اللہ، ساکن جغور، چترال نے چاقو سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں امیرالدین (ساکن سمس آباد، دروش) اور ممتاز احمد (ساکن چیکدام، دروش) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد دبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم ناصر اللہ کو حراست میں لے لیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
دوسری جانب اوورسیز چترالی کمیونٹی نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کمیونٹی کی جانب سے مقتولین کی میتوں کو جلد از جلد پاکستان منتقل کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



یہ سانحہ متاثرہ خاندانوں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں