🚨 مشرقی لیبیا کے ساحل پر تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی، 50 افراد ہلاک یا لاپتا.

20

مشرقی لیبیا کے ساحل کے قریب یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 50 افراد ہلاک یا لاپتا ہو گئے، جبکہ 10 افراد معجزانہ طور پر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔
لیبیا کے مشرقی علاقے کے کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثہ منگل کے روز ساحلی شہر طبرق کے قریب بردعا جزیرے کے نزدیک پیش آیا۔ کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 60 تارکینِ وطن سوار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 10 افراد تیر کر جزیرے تک پہنچ گئے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
لیبیا گزشتہ کئی برسوں سے افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ سے بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپ جانے والے تارکینِ وطن کے لیے ایک اہم ٹرانزٹ پوائنٹ بنا ہوا ہے۔ انسانی اسمگلر اکثر انہیں غیر محفوظ اور خستہ حال کشتیوں میں بحیرۂ روم عبور کروانے کی کوشش کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہر سال سینکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی مشرقی لیبیا کے ساحل کے قریب ایک اور کشتی حادثے میں 51 تارکینِ وطن ہلاک یا لاپتا ہو گئے تھے۔
بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت (IOM) کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 16 مئی کے درمیان وسطی بحیرۂ روم کے راستے 800 سے زائد تارکینِ وطن ہلاک یا لاپتا ہوئے، جبکہ گزشتہ سال اس راستے پر 1,300 سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار گئے یا لاپتا ہوئے تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں