فرانس کے جنوب مشرقی علاقے اورنج میں ایک گھر سے پانچ نومولود بچوں کی باقیات برآمد ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص نے اپنی اہلیہ سے جھگڑے کے بعد گھر میں موجود گتے کے ڈبوں کی تلاشی لی، جہاں اسے پانچ نومولود بچوں کی بوسیدہ باقیات ملیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ باقیات ایک ہی پلاسٹک کے تھیلے میں کافی عرصے سے رکھی ہوئی تھیں۔
مقامی حکام کے مطابق واقعے کے بعد 32 سالہ خاتون کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون نے حالیہ بچے کی پیدائش کے اگلے روز پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی، جس پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کا شوہر گھر پر موجود رہا۔
بعد ازاں شوہر مبینہ طور پر پلاسٹک کا تھیلا اسپتال لے گیا، جہاں طبی عملے نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے دی۔
رپورٹس کے مطابق خاتون کو حالیہ بچے کی پیدائش سے قبل تین بار حمل ضائع ہونے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جوڑے کے دو دیگر بچے بھی ہیں، جن کی عمریں آٹھ اور بارہ سال بتائی جاتی ہیں، جبکہ حال ہی میں ایک اور بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور تاحال کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا، جبکہ خاتون اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اسے حراست میں نہیں لیا گیا۔
فرانسیسی حکام کے مطابق ملک میں اس نوعیت کے چند دیگر واقعات بھی ماضی میں سامنے آ چکے ہیں، جن کی تحقیقات الگ الگ بنیادوں پر کی گئی تھیں۔
فرانس: گھر سے 5 نومولود بچوں کی باقیات برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں.
3