امریکی ارکانِ کانگریس کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی و اقتصادی تعاون پر تبادلۂ خیال.

22

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، پاک امریکا دفاعی تعاون، اقتصادی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا براہِ راست تعلق معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام سے ہے۔ انہوں نے ملک میں کاروبار دوست ماحول کی تشکیل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری ساختی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور معاشی ترقی میں پاکستان کے کردار کو سراہا، جبکہ دونوں فریقوں نے اقتصادی تعاون، نجی شعبے میں شراکت داری اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ارکانِ کانگریس نے پاک فوج کی قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں