پریٹوریا: جنوبی افریقہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں سمیت چار پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد مقامی پاکستانی برادری میں شدید غم و تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ساجد احمد اور ظفر احمد نامی دو سگے بھائی شامل ہیں، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں بلہڑ سے تھا۔ چاروں پاکستانیوں میں سے تین کا تعلق ضلع منڈی بہاؤالدین جبکہ ایک کا تعلق ضلع سیالکوٹ سے بتایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چاروں افراد اپنی دکان بند کرنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر جنوبی افریقہ کی پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا۔ واقعے کے بعد پاکستانی کمیونٹی نے گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ حکام کے مطابق حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے کے محرکات بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
جنوبی افریقہ میں مسلح حملہ، دو سگے بھائیوں سمیت 4 پاکستانی شہری جاں بحق.
24