امریکی میڈیا کا دعویٰ: اقتصادی پابندیاں ایران کو فوجی حملوں سے زیادہ نقصان پہنچا سکتی ہیں.

28

واشنگٹن: امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طویل مدت میں ایران پر اقتصادی پابندیاں اور مالی دباؤ، فوجی کارروائیوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔
امریکی میڈیا ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف معاشی دباؤ کی مہم کو فضائی حملوں کے مقابلے میں کم توجہ ملی، تاہم امریکی حکومت کے سینئر حکام کا ماننا ہے کہ سخت اقتصادی پابندیاں بالآخر تہران پر زیادہ گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔
رپورٹ میں اعلیٰ حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کے اندازوں کے مطابق پابندیوں اور امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران میں پیٹرول کی قلت، بینکوں سے بڑے پیمانے پر رقوم نکلوانے کے خدشات اور جنگجوؤں کو ادائیگیوں میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں، جس سے ایران پر مالی دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ “ایران کو امریکی وزارتِ جنگ سے زیادہ وزارتِ خزانہ کا خوف ہے۔”
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ صرف اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایران کو کسی معاہدے پر آمادہ کرنے میں فوجی کارروائی کے مقابلے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
ایکسیوس کے مطابق ایران کی جانب سے منجمد اثاثوں تک رسائی اور اقتصادی پابندیوں میں نرمی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، اور یہی معاملات جاری سفارتی کوششوں اور ممکنہ مستقل جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کا بھی اہم حصہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں