نیو جرسی: امریکی ریاست نیو جرسی کے ایک دلدلی علاقے میں صفائی کے دوران ایک بوتل سے 53 سال پرانا پیغام برآمد ہوا، جو 9 سالہ بچی نے 1973 میں سمندر میں بہایا تھا۔
نیو جرسی میں صفائی کا کام کرنے والے ادارے کے شریک بانی جان کوٹرمین نے اس منفرد دریافت کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد اس پیغام کے پیچھے چھپی کہانی سامنے آ گئی۔
پیغام لوری بلیئر نامی 9 سالہ بچی کا تھا، جس میں مزاحیہ انداز میں لکھا گیا تھا کہ انہیں اغوا کر کے بحرِ اوقیانوس کے ایک جزیرے پر لے جایا گیا ہے اور بے رحم ماہی گیر انہیں سمندر میں کودنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی درخواست کی گئی تھی کہ جسے یہ بوتل ملے، وہ یہ پیغام ان کے گھر والوں تک پہنچا دے تاکہ ان کی “جان بچائی جا سکے”۔
پیغام میں درج تھا کہ بوتل 20 اگست 1973 کو اوشین سٹی کے ساحل سے سمندر میں بہائی گئی تھی۔
جان کوٹرمین کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد لوری بلیئر تو نہ مل سکیں، تاہم ان کی بہن ایلیسین اسپنسر تک یہ پیغام پہنچ گیا۔
ایلیسین اسپنسر نے بتایا کہ یہ پیغام ان کی بہن نے ان سے لکھوایا تھا کیونکہ ان کی لکھائی زیادہ اچھی تھی، جس کے بعد دونوں بہنوں نے اسے بوتل میں بند کر کے ساحل پر سمندر کے حوالے کر دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ لوری بلیئر بے حد تخلیقی شخصیت کی مالک تھیں اور ان کا حسِ مزاح بھی بہت شاندار تھا۔
ایلیسین اسپنسر کے مطابق لوری بلیئر کا 2019 میں کینسر کے باعث انتقال ہو گیا تھا۔

بعد ازاں جان کوٹرمین نے اصل پیغام ایلیسین اسپنسر کو بھیج دیا، جنہوں نے اسے اپنے گھر میں یادگار کے طور پر فریم کر کے سجانے کا فیصلہ کیا ہے۔