فیلڈ مارشل عاصم منیر: پاک چین دوستی وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے.

22

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 99ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پی ایل اے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود پاکستان اور چین کی اسٹریٹیجک شراکت داری اور باہمی دوستی ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں