جہلم: باپ نے 3 بچوں کو منگلا نہر میں پھینک دیا، 2 لاشیں برآمد.

28

جہلم: گھریلو تنازع سے تنگ آکر ایک باپ کی جانب سے اپنے تین بچوں کو منگلا نہر میں پھینکے جانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل کی رات جہلم کے علاقے میں لہڑی پل کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ملزم نے اپنے تین بچوں کو منگلا نہر میں پھینک دیا۔
واقعے کے بعد ملزم خود تھانے پہنچ گیا اور پولیس کو بچوں کے نہر میں پھینکے جانے سے متعلق اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے بیان کی بنیاد پر ریسکیو ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا گیا اور بچوں کی تلاش کے لیے منگلا نہر میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران دو بچیوں کی لاشیں نہر سے نکال لیں، جبکہ تیسرے بچے کی تلاش تاحال جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں نہر میں مختلف مقامات پر تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ابتدائی طور پر بیان دیا ہے کہ وہ گھریلو جھگڑے سے تنگ تھا اور اسی وجہ سے اس نے اپنے بچوں کو نہر میں پھینک دیا۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ بچوں کی تلاش اور دیگر قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔
واقعے کی مکمل وجوہات، ملزم کے بیان اور دیگر حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید واضح ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں