بامی خیل قومی اتحاد کا تورغر میں شاندار گرینڈ جرگہ، قومی یکجہتی اور مشترکہ ترقی پر زور

37

تورغر : بامی خیل قومی اتحاد کا تورغر میں شاندار گرینڈ جرگہ، قومی یکجہتی اور مشترکہ ترقی پر زور۔

تورغر ضلعی ہیڈکوارٹر جدباء میرہ میں بامی خیل قومی اتحاد کے زیرِ اہتمام ایک تاریخی اور شاندار گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں بامی خیل قوم کے سرکردہ عمائدین، سماجی رہنما، نوجوانان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے بھرپور شرکت کی۔

اس جرگے میں ضلع شانگلہ، ضلع مانسہرہ اور دیگر قریبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے بامی خیل قوم کے معزز افراد بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے جس سے اس جرگے کو ایک وسیع تر قومی اجتماع کی شکل مل گئی۔

جرگے کے دوران مقررین نے بامی خیل قوم میں اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ بامی خیل قومی اتحاد کا مقصد اپنی قوم کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کرنا اور تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان، سماجی بھلائی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کو منظم کرنا ہے۔

تقریب کے کامیاب انعقاد میں سابق پی ٹی آئی کسان کونسلر افسر مالک، صدام، وسیم اللہ، عمر زمین اور دیگر فعال رہنماؤں کی محنت اور کلیدی کردار قابلِ تحسین ہے جنہوں نے اسے ایک کامیاب اور بامقصد جرگہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شرکاء نے اپنے خطابات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ معاشرتی اور قومی مسائل کے حل کے لیے مستقل جرگوں، اجتماعی فیصلوں اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ جرگے میں آئندہ کے لیے ترقیاتی اور سماجی بہبود کے حوالے سے جامع لائحہ عمل بھی ترتیب دیا گیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ بامی خیل قومی اتحاد 2018 سے ملک بھر میں تنظیمی سرگرمیاں، سماجی خدمات اور قوم کی رہنمائی کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے، جو پوری قوم کے لیے نہایت مثبت اور خوش آئند قدم ہے۔

اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بامی خیل قومی اتحاد آئندہ بھی قوم کی ترقی، نوجوانوں کی رہنمائی اور سماجی اصلاح کے لیے اپنا کردار اتفاق و اتحاد سے ادا کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں