ایبٹ آباد: سابق وفاقی وزیر و صوبائی جنرل سیکرٹری (PMLN) مُرتضیٰ جاوید عباسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر وردا مشتاق جو کہ ایبٹ آباد کی بہادر اور خدمت خلق کرنے والی ڈاکٹر تھیں، کا اغواء اور پھر بہیمانہ قتل انتہائی دلخراش، قابلِ مذمت اور انسانیت سوز واقعہ ہے۔
یہ محض ایک فرد کا قتل نہیں بلکہ معاشرے کے ضمیر، خواتین کی عزت و حفاظت اور امنِ عامہ پر کھلا حملہ ہے۔یہ سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت کیا جانے والا سفاکانہ جرم ہے جس میں پولیس کی کارکردگی ناکام رہی۔ضلع ایبٹ آباد جو کبھی امن و امان کا گہوارہ سمجھا جاتا تھا، آج اغواء، قتل اور جرائم کی لہر میں ڈوبتا نظر آ رہا ہے۔
یہ صورتحال نہ صرف عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے بلکہ صوبائی حکومتی اداروں کی نااہلی کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ضلعی پولیس اور متعلقہ اداروں سے سخت ترین الفاظ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ تمام مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، شفاف اور تیز رفتار تفتیش کی جائے اور ان ظالموں کو سزا دلوائی جائے۔
میں مرحومہ کے اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور دوستوں سے گہری تعزیت کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، پسماندگان کو صبرِ جمیل دے اور اس سانحے کو برداشت کرنے کی اللہ توفیق عطا فرمائے(آمین)۔اللہ پاک ہماری بہنوں بیٹیوں اور ہمارے معاشرے کو امن و سلامتی عطا فرمائے۔