ایبٹ آباد: کرسمس کے پُرمسرت موقع پر مسیحی برادری کے اعزاز میں ڈپٹی کمشنر آفس بٹگرام میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر بٹگرام جناب اشتیاق احمد نے کی، جس میں مسیحی برادری کے معزز اراکین، ضلعی انتظامیہ اور دیگر افسران کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا گیا۔تقریب میں پادری کرسٹفل، پاسٹر روبن، پیٹر، صدر اقلیتی برادری پریم چند سمیت مسیحی برادری کے دیگر معزز افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مسیحی برادری کے نمائندوں نے کرسمس کی خوشیوں میں شمولیت اور اقلیتی برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اقلیتی برادری کے جان و مال کے تحفظ اور ان کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو آئین کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں اور وہ اپنی مذہبی رسومات اور تہوار مکمل آزادی، امن اور خوشگوار ماحول میں منانے کے حق دار ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، امن و استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔