ایبٹ آباد: ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل انفارمیشن آفس ایبٹ آباد اکرام اللہ سعید نے سٹیشن مینیجر پختونخوا ریڈیو 92.4 ایبٹ آباد رضوان ملک کے ہمراہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے رہنما ؤں کے ساتھ پختونخوا ریڈیو ایبٹ آباد میں کرسمس کا کیک کاٹا۔
اس موقع پر مائیکل فیاض نے پختونخوا ریڈیو 92.4 کے خصوصی پروگرام ”کرسمس کی خوشیاں ” میں شرکت کی، جس کی میزبانی کاشف ملک نے کی۔پروگرام کے دوران پادری مائیکل فیاض نے کرسمس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملکی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے تعلیم، صحت اور سماجی فلاح کے شعبوں میں مسیحی برادری کے مثبت کردار کا ذکر کیا۔مائیکل فیاض نے اقلیتی برادریوں کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ اقلیتوں کو بعض سماجی اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کو دیے گئے حقوق کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور تحفظ کی ضامن ہے۔