خیبر پختون خواہ پولیس میں سینیارٹی کی سنگین خلاف ورزیاں، پروموشن سسٹم پر سوالات ؟
اسلام اباد ( وائرل نیوز پاکستان) خیبر پختون خواہ پولیس میں سینیارٹی اور پروموشن کے نظام پر ایک بار پھر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، جہاں درجنوں سپاہی اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (ASI) طویل سروس کے باوجود اپنے جائز حق سے محروم ہیں، جبکہ ان سے جونیئر افسران اہم عہدوں پر فائز دکھائی دیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس رولز 1934 کے تحت ہر کانسٹیبل کو 10 سال کی سروس مکمل کرنے کے بعد ASI اور ہر ASI کو 15 سال میں DSP بننے کا حق حاصل ہے۔ مزید یہ کہ پولیس رولز کے مطابق سپاہی زیادہ سے زیادہ SP جبکہ ASI ڈی آئی جی کے عہدے تک پہنچ سکتا ہے، مگر عملی طور پر یہ اصول خیبر پختون خواہ پولیس میں لاگو ہوتے نظر نہیں آ رہے۔
افسران کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے پولیس میں سزاؤں کے معاملات میں تو آج بھی پولیس رولز 1934 پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے، مگر جب بات پروموشن، سینیارٹی اور حق کی آتی ہے تو یہی نظام سست بلکہ غیر مؤثر دکھائی دیتا ہے۔ سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر قوانین کے مطابق حق نہیں دیا جاتا تو پھر سزائیں کس بنیاد پر انہی قوانین کے تحت دی جا رہی ہیں؟
پولیس رول باب نمبر 12، فقرہ 8 اور فقرہ 12/8 کے مطابق ڈائریکٹ بھرتی افسر تین سال جبکہ پروموٹی افسر دو سال بعد اپنے عہدے پر کنفرم ہوتے ہیں اور کنفرمیشن کے بعد اگلی پروموشن لسٹ (A, B, C, D, E, F) میں شامل ہونا ان کا قانونی حق ہوتا ہے، جو کہ سیٹوں کی دستیابی سے مشروط ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر کسی سطح پر پانچ سیٹیں بھی خالی ہوں تو قواعد کے تحت فوری پروموشن ہونی چاہیے، نہ کہ 30 یا 40 سیٹیں اکٹھی ہونے کا انتظار کیا جائے۔
ذرائع الزام عائد کرتے ہیں کہ عملی طور پر یہ نظام صرف سفارش اور تعلقات رکھنے والوں کے لیے فعال ہے، جبکہ بغیر سفارش سینیئر افسران کی فائلیں دفتروں میں ادھر اُدھر ہو جاتی ہیں۔ نتیجتاً کئی سینیئر انسپکٹر رینک کے افسران در بدر ہیں جبکہ ان سے جونیئر افسران اہم عہدوں پر تعینات ہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق دوہرا معیار عدالتوں میں بھی چیلنج ہو رہا ہے، جہاں یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ جو قانون حق فراہم نہ کرے وہ سزا دینے کا اخلاقی و قانونی جواز بھی کھو دیتا ہے، کیونکہ انصاف یک طرفہ نہیں ہو سکتا۔ قانون یا تو مکمل لاگو ہوگا یا پھر اس کی ساکھ متاثر ہوگی۔
پولیس افسران اور اہلکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختون خواہ پولیس کے اعلیٰ حکام سینیارٹی کی بنیاد پر فوری اور مرحلہ وار پروموشنز کو یقینی بنائیں تاکہ فورس کا مورال بحال ہو، حق تلفی کا خاتمہ ہو اور ادارے پر اہلکاروں کا اعتماد دوبارہ قائم ہو سکے۔
خیبر پختون خواہ پولیس میں سینیارٹی کی سنگین خلاف ورزیاں، پروموشن سسٹم پر سوالات ؟
8