ہری پور پولیس کی منشیات و جرائم کے خلاف کارروائیاں تیز، آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس

33

ہری پور: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی زیرِ صدارت آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائیوں پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن جمیل الرحمٰن اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد تنویر بھی شریک تھے۔ ڈی پی او ہری پور نے واضح کیا کہ ضلع ہری پور میں منشیات کے کاروبار اور جرائم کے لیے کوئی گنجائش نہیں، اور ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ضلع کو کرائم فری اور منشیات سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے افسران کو ٹیم ورک کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو پولیس کی اولین ترجیح قرار دیا اور افسران کو مزید مستعدی اور دیانت داری کے ساتھ فرائض انجام دینے پر زور دیا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے انچارج سعید شاہ اور ان کی ٹیم کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد بھی دی گئیں، تاکہ دیگر افسران میں بھی محنت اور لگن کا جذبہ مزید مضبوط ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں