خیبر پولیس کا انسانی جذبہ: شدید برفباری میں تیراہ کے متاثرین کی بھرپور مدد

22

خیبر شدید برفباری اور سخت سرد موسم کے باوجود خیبر پولیس کے شیردل جوان بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے فرائض منصبی انجام دیتے ہوئے وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی ہر ممکن مدد میں مصروف ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے برف میں پھنسی درجنوں گاڑیوں کو ریسکیو کیا جبکہ بچوں اور بزرگوں کو چائے، بسکٹ، پانی اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کیں۔
تفصیلات کے مطابق، وادی تیراہ سے متاثرین کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مشکل اور کٹھن صورتحال میں خیبر پولیس نہ صرف سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہی ہے بلکہ انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے متاثرین کو ہر ممکن سہولیات بھی مہیا کر رہی ہے۔
ایس ایچ او بازار ذخہ خیل اجر خان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری حساس مقامات پر تعینات ہے، جو نقل مکانی کرنے والے شہریوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ راستوں میں ہر طرح کا تعاون اور مدد بھی کر رہی ہے۔ شدید برفباری کے باعث سڑکوں پر پھنسنے والی گاڑیوں کو پولیس اہلکار خود دھکے لگا کر نکال رہے ہیں تاکہ شہری بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔
اس موقع پر ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کہا کہ خیبر پولیس کے جوان سخت موسم، شدید سردی اور خراب راستوں کے باوجود اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ متاثرین کی بحفاظت منتقلی اور امن و امان کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں