بسنت کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، لاہور میں ایک ہلاکت، متعدد زخمی

33

لاہور میں بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے دوران پیش آنے والے مختلف افسوسناک واقعات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ حادثات شہر کے مختلف علاقوں میں رپورٹ ہوئے، جس کے باعث بسنت کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے میں سکھ نہر کے قریب 25 سالہ علی رشید کٹی ہوئی پتنگ اتارنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔ اس دوران اسے شدید کرنٹ لگا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب ڈیفنس فیز فائیو میں پتنگ کی تیز دھار ڈور گردن پر پھرنے سے نوجوان رافع شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اسی طرح گلشن راوی کے علاقے میں پتنگ بازی کے دوران پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں 8 سالہ ارسا اور 45 سالہ شبیر پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے زخمی ہو گئے۔ دونوں کو ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق لوئر مال کے علاقے میں 12 سالہ عبد الواحد پتنگ لوٹتے ہوئے زخمی ہوا، جبکہ گلشن راوی میں ہی 14 سالہ سلمان درخت پر چڑھ کر پتنگ اتارنے کی کوشش کے دوران گرنے سے زخمی ہو گیا۔

ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پتنگ بازی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خطرناک مقامات پر پتنگ اتارنے سے گریز کریں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں