Haripur: تھانہ حطار کی حدود میں واقع کوہستان پمپ کی دوکان میں رات کی تاریکی میں ہونے والی چوری کی واردات کو پولیس نے ٹریس کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے دوکان کے تالے توڑ کر اندر موجود قیمتی انجن، بیٹریاں اور دیگر مشینری چوری کر لی تھی، جس سے دوکاندار کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ حطار پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، شواہد اکٹھے کیے اور مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کیا۔ مدعی کی درخواست پر دفعہ 380 اور 34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کی گئی۔
پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار، مقامی مخبروں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے محمد قاسم ولد نور محمد سکنہ تحصیل لاہور ضلع صوابی، شعیب ولد سارج زمان اور عبدالوہاب ولد اعجاز سکنان شادی حطار کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے سرقہ شدہ انجن، بیٹریاں اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او ہری پور کے مطابق ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ٹی آئی پی اور کھلابٹ سمیت دیگر حساس علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے خصوصی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی تھانہ کی حدود میں سنگین جرائم کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان سے مزید انکشافات بھی متوقع ہیں۔
ذرائع: ڈی پی او آفس ہری پور، پولیس حکام
ڈسکلیمر: یہ خبر متعلقہ حکام کی فراہم کردہ معلومات پر مبنی ہے، حتمی فیصلہ عدالت کی کارروائی کے بعد ہوگا۔
رات کی چوری بے نقاب، حطار پولیس کی بروقت کارروائی، تین ملزمان گرفتار.
16