صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ سے متعلق جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 358 افراد جاں بحق جبکہ 181 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 287 مرد، 41 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں 144 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔
سیلاب اور بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 780 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 431 گھروں کو جزوی نقصان جبکہ 349 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع بونیر سب سے زیادہ متاثرہ رہا جہاں اب تک 225 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور صوابی شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے 17 سے 19 اگست کے دوران مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا موسمی اطلاعات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔