ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میں ماہانہ کرائم چیک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام سرکلز کے ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ضلع بھر کے تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران ضلع مانسہرہ میں جرائم کی مجموعی صورتحال، پولیس کی کارکردگی اور زیر تفتیش مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او نے ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ جو ایس ایچ اوز اپنی حدود میں جرائم پر قابو پانے اور کارکردگی بہتر بنانے میں ناکام رہیں گے، وہ اپنے عہدوں پر برقرار نہیں رہ سکیں گے۔
شفیع اللہ گنڈا پور نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی پولیس اہلکار کے مجرموں سے روابط پائے گئے تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کے علاوہ نوکری سے برخواستگی کا اقدام بھی اٹھایا جائے گا۔
ڈی پی او نے زور دیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ میٹنگ میں ہر تھانے کے انچارج کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کی سخت سرزنش کی گئی۔
اس کے علاوہ، آنے والی پولیو مہم اور ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈی پی او نے تمام افسران کو ان کی اجتماعی اور انفرادی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے سرانجام دیں۔
مانسہرہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں۔
مانسہرہ پولیس کی ماہانہ کرائم میٹنگ: ڈی پی او کی ناقص کارکردگی پر برہمی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان
