خیبرپختونخوا حکومت کی تاریخی ’صوبائی یوتھ پالیسی 2026‘ کی اصولی منظوری، نوجوانوں کی ترقی پر 7 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے.

44

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی زیرِ صدارت محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود، بااختیار بنانے اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے تاریخی ’’صوبائی یوتھ پالیسی 2026‘‘ کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ پالیسی کی حتمی منظوری آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے صوبے کے تمام اضلاع میں ’’جوان مراکز‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان مراکز کے مؤثر اور شفاف انتظام کو یقینی بنانے کے لیے مقامی سطح پر بااختیار گورننگ باڈیز بھی تشکیل دی جائیں۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے ان کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت کا آئندہ مالی سال کا بجٹ بنیادی طور پر ’’نوجوانوں کا بجٹ‘‘ ہوگا، جس میں جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نئی یوتھ پالیسی کے تحت آئندہ دو برسوں میں نوجوانوں کی ترقی، فلاح و بہبود اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے 7 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی جائے گی۔ یہ جامع پالیسی چار بنیادی ستونوں یعنی تعلیم، روزگار، ماحولیات اور سماجی شمولیت پر مشتمل ہوگی۔
پالیسی کے تحت نوجوانوں، خصوصاً طالبات کے لیے سیکنڈری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ نوجوان خواتین کے لیے خصوصی اسکالرشپس، تربیتی پروگرامز اور دیہی و ضم شدہ اضلاع میں موبائل آؤٹ ریچ سروسز متعارف کرائی جائیں گی۔
معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی افراد کے لیے معاون سہولیات، خواجہ سرا نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے خصوصی کوٹہ بھی مختص کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تکنیکی اور فنی تعلیم کو جدید مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ نوجوان بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔
نوجوانوں کی معاشی خودمختاری کے لیے سرکاری و نجی شعبوں میں ’’یوتھ انٹرن شپ پروگرامز‘‘ شروع کیے جائیں گے جبکہ نوجوان کاروباری افراد کو مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کر کے نئے کاروباری رجحانات کو فروغ دیا جائے گا۔
پالیسی کے تحت صوبائی اور ضلعی سطح پر ’’یوتھ کونسلز‘‘ قائم کی جائیں گی، کمیونٹی سروس کے لیے رضاکار نوجوان گروپس تشکیل دیے جائیں گے اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے یوتھ فرینڈلی گورننس کو فروغ دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی پائیداری کے لیے خیبرپختونخوا یوتھ ڈویلپمنٹ کمیشن کو فعال بنانے کے ساتھ مستقل ’’یوتھ ڈویلپمنٹ فنڈ‘‘ بھی قائم کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ پالیسی خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے تعلیم، مہارت، روزگار اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے کا ایک جامع روڈ میپ ثابت ہوگی، جس سے نوجوان ملکی ترقی میں زیادہ مؤثر اور قائدانہ کردار ادا کر سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں