ایبٹ آباد – تھانہ بکوٹ کی حدود پھلگراں میں کمسن بچے کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ عدالت سے ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
ایس پی سرکل حویلیاں جمیل الرحمن قریشی نے ایس پی شعبہ تفتیش ایاز خان، ڈی ایس پی مہتاب نذیر اور ایس ایچ او تھانہ بکوٹ کاشف خان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ 4 مئی کو ایک کمسن بچہ غیر آباد قبرستان سے تشویشناک حالت میں ملا۔ بچے کو فوری طبی امداد کے لیے پہلے مظفرآباد اور بعد ازاں ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی رپورٹ کے مطابق بچے کے ساتھ مبینہ طور پر بدفعلی کی گئی تھی۔
بچے کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ بکوٹ میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 200، زیرِ دفعہ 376، 337، 53 سی پی اے اور 37 سی پی اے کے تحت درج کیا گیا۔ تفتیش کے دوران بچے کے بیان کی روشنی میں ملزم کی شناخت محمد نعمان ولد طاہر سکنہ پھلگراں، حال راولپنڈی کے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش تھا اور اپنے ٹھکانے تبدیل کر رہا تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے کوئٹہ، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد اور گلگت سمیت مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے۔ جدید ٹیکنالوجی اور روایتی تفتیشی طریقوں کی مدد سے بالآخر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کو عدالت میں پیش کر کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے تاکہ مزید تفتیش مکمل کی جا سکے۔ ڈی پی او ایبٹ آباد کی نگرانی میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے پر پولیس ٹیم کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
ایس پی شعبہ تفتیش ایاز خان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد پولیس جدید خطوط پر تفتیش کر رہی ہے۔ بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے وزارت خارجہ کو ریڈ اور بلیو وارنٹس کی درخواستیں بھجوا دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال قتل اور اقدام قتل کے 36 جبکہ رواں سال 26 مقدمات میں ملوث بیشتر ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
نوٹ: قانون اور صحافتی اخلاقیات کے تحت نابالغ متاثرہ کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی۔ اس خبر میں بچے کا نام صرف سرکاری پریس بریفنگ میں سامنے آنے کی حد تک استعمال کیا گیا ہے۔
ایبٹ آباد: پھلگراں میں کمسن بچے سے زیادتی کا واقعہ، ملزم گرفتار، جسمانی ریمانڈ حاصل.
38