گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3 میں سالانہ کھیلوں کے حوالے سے اہم اجلاس

17

مانسہرہ : آج گورنمنٹ ہائی سکول نمبر تین مانسہرہ میں ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز ٹورنامنٹس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری ٹورنامنٹ جناب بختیار صاحب نے کی۔ اس موقع پر مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان اور عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس میں شریک شخصیات میں جناب اکرام صاحب، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دوگا جناب شوکت ملک سواتی صاحب، پرنسپل ہائی سکول نمبر تین، ڈسٹرکٹ پریزیڈنٹ اقصی جناب ساجد سلیم صاحب، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جناب ساجد محمود صاحب، فزیکل ایجوکیشن آفیسر جناب ایاز صاحب، ہیڈ ماسٹر ہائی سکول ماہیاں جناب راجہ شکیل صاحب سمیت ضلع بھر کے دیگر معزز اراکین شامل تھے۔

اجلاس میں آنے والے ٹورنامنٹس کے لیے مختلف کھیلوں والی بال، کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، فٹ بال اور ایتھلیٹکس کے فکسچر بنائے گئے۔ سیکرٹری بختیار صاحب کی ہدایت پر مقابلوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تاکہ دور دراز سے آنے والی ٹیموں کو ان کے قریبی علاقوں میں کھیلنے کے بہتر مواقع میسر آئیں۔

پچھلے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مؤثر حکمتِ عملی طے کی گئی تاکہ مقابلے منصفانہ، دلچسپ اور منظم انداز میں انجام پائیں۔ اس موقع پر پرنسپل شوکت ملک سواتی صاحب نے مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا خصوصی انتظام کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ “یہ ٹورنامنٹ نہ صرف بچوں کی جسمانی فٹنس کے لیے اہم ہیں بلکہ ان کی اخلاقی، ذہنی اور جذباتی نشوونما میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔”
اجلاس میں تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مقابلوں کی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی ٹیم کے ذاتی مفاد کو مدنظر نہیں رکھا جائے گا۔

مختلف ایونٹس کے انعقاد کے لیے تجربہ کار افراد کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔
اس موقع پر ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر جناب الطاف الرحمن صاحب اور ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر جناب جمیل قریشی صاحب نے سیکرٹری ٹورنامنٹ جناب بختیار صاحب کو مبارکباد پیش کی، ان کو ہار پہنایا اور مٹھائی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ “جناب بختیار صاحب کی قیادت اس ٹورنامنٹ کے لیے ایک اعزاز ہے۔”
اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری ٹورنامنٹ جناب بختیار صاحب نے تمام معزز مہمانوں، اساتذہ اور عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے کھیلوں کے مقابلے کامیابی اور خوش اسلوبی سے منعقد ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں