🟥 مانسہرہ: غیر قانونی لکڑی کے خلاف کارروائی پر فائرنگ، فارسٹ گارڈ شدید زخمی.

22

مانسہرہ: محکمہ جنگلات شیرگڑھ رینج کی جانب سے پھلکیری کے علاقے میں مبینہ غیر قانونی لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران ٹمبر مافیا کے کارندوں کی جانب سے شدید مزاحمت، فائرنگ اور تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ڈی ایف او شیرگڑھ رینج ذیشان خان کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ پھلکیری کے علاقے میں ایک ٹرک کے ذریعے غیر قانونی لکڑی اسمگل کی جا رہی ہے۔ اطلاع پر محکمہ جنگلات کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی، جہاں ایک ٹرک میں بڑی مقدار میں مبینہ غیر قانونی لکڑی لوڈ تھی جبکہ تقریباً بیس عدد بیاڑ کے نگ بھی موقع پر موجود تھے۔
جیسے ہی محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے لکڑی کو تحویل میں لینے کی کوشش کی تو وہاں موجود مسلح افراد نے مزاحمت شروع کر دی اور اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی۔ اس دوران ملزمان نے تشدد بھی کیا اور فارسٹ گارڈ افشان کو سر پر ڈنڈا مار کر شدید زخمی کر دیا۔
زخمی اہلکار کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد ایس ڈی ایف او ذیشان خان کی مدعیت میں تھانہ پھلڑہ پولیس نے حسن، محسن، سجاد سمیت دیگر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری کے لیے متحرک ہیں، جبکہ غیر قانونی لکڑی کے کاروبار کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں