چارسدہ: پولیس اور سنیچروں کے درمیان فائرنگ، مطلوب اشتہاری عقیل زادہ عرف خانے زخمی حالت میں گرفتار

29

چارسدہ – شکر ڈھنڈ کے علاقے میں سرڈھیری پولیس پر سنیچروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک بدنام زمانہ مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق، شکر ڈھنڈ میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سرڈھیری پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی ملزم کو حراست میں لے لیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت عقیل زادہ عرف خانے ولد نورزادہ (سکنہ ڈاکخانہ سٹاف سرڈھیری) کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم سنیچنگ، پولیس مقابلے، قتل اور اقدامِ قتل جیسے سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ملزم کو اس سے قبل بھی 22 سنگین مقدمات میں گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ اس کا مزید کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں