راولپنڈی: نیو جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ میں وکیل کی لاش برآمد، قتل کا مقدمہ درج.

30

راولپنڈی – نیو جوڈیشل کمپلیکس لائرز کلب کی پارکنگ میں گاڑی سے وکیل ثنا اللہ ستی ایڈووکیٹ کی لاش ملنے کے معاملے پر سول لائنز پولیس نے قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
سول لائنز پولیس نے ثنا اللہ ستی ایڈووکیٹ کے بھائی بیرسٹر سجاد احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ مقتول کے دونوں بازوؤں، کہنیوں اور کندھوں پر زخموں کے نشانات اور زہر آلود چیز دیے جانے کے خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
مقتول ثنا اللہ ستی وکالت کے شعبے سے وابستہ تھے اور گلزار قائد میں فیملی کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ بیرسٹر سجاد احمد ستی کے مطابق ان کے بھائی کی ایک بیٹی تقریباً ایک سال کی ہے۔
بیرسٹر سجاد احمد ستی نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اطلاع ملی کہ بھائی ثنا اللہ ستی ایڈووکیٹ کی لاش ان کے زیر استعمال گاڑی میں نیو جوڈیشل کمپلیکس لائرز کلب راولپنڈی کے سامنے پارکنگ ایریا میں ڈرائیونگ سیٹ پر پڑی ہے۔
اطلاع پر دیگر ایڈووکیٹس کے ساتھ موقع پر پہنچے تو بھائی ثنا اللہ ستی کی لاش گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر پڑی ہوئی تھی، جس کے منہ سے سفید جھاگ اور خون جاری تھا۔
بیرسٹر سجاد احمد کے مطابق مقتول کے جسم کے مختلف حصوں، دونوں کہنیوں اور دائیں بائیں کندھوں پر بظاہر زخموں کے نشانات تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقتول کو کوئی زہر آلود چیز دے کر قتل کیا گیا ہے۔
پولیس نے فرانزک ٹیم کو طلب کیا، شواہد اکٹھے کیے اور مقتول کے زیر استعمال 2 موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے۔ ضلع کچہری راولپنڈی میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔
مقتول کے ساتھ ایک کلائنٹ حماد بھی ہے، جو ان کے ساتھ بطور منشی بھی کام کرتا ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز، سی ڈی آر سمیت دیگر مزید شواہد کے بعد اصل ملزمان کے بارے میں بیان لیا جائے گا، تفصیل مہیا کی جائے گی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے قتل کے جرم میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں