مانسہرہ : راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں آج ٹماٹر کا سرکاری نرخ کوالٹی کے اعتبار سے 117 سے 145 روپے فی کلو گرام کے درمیان مقرر ہے۔ تاہم مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث آڑھتیوں نے من مانے نرخ مقرر کرتے ہوئے دوکانداروں کو انتہائی مہنگے داموں ٹماٹر فروخت کیے۔
مانسہرہ شہر ، ایبٹ آباد شہر اور گردونواح کی دوکانوں میں آج درجہ سوئم کا ٹماٹر 350 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دیگر شہروں میں اشیائے خوردونوش کے نرخ باقاعدہ کنٹرول کیے جا رہے ہیں لیکن ایبٹ آباد میں کوئی پوچھنے والا نہیں۔
شہریوں نے کمشنر ہزارہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آڑھتیوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور اشیائے خوردونوش کے نرخوں کو سرکاری ریٹ کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔