ایبٹ آباد: ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان کی ہدایت پر ایبٹ آباد میں موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی آگاہی تقریب منعقد کی گئی۔ پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقدہ اس تقریب میں شہریوں میں مفت ہیلمٹس تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں جنرل (ر) ایاز سلیم رانا، مالک قریشی پمپ ایبٹ آباد آصف قریشی، پمپ ایسوسی ایشن کی کابینہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء کو ٹریفک قواعد، خاص طور پر ہیلمٹ کے استعمال کے فوائد اور حادثات میں جان بچانے میں اس کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد صرف قوانین کے نفاذ تک محدود نہیں بلکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلمٹ کے استعمال سے شہری نہ صرف خود کو محفوظ رکھتے ہیں بلکہ حادثات کی صورت میں شدید چوٹوں سے بھی بچ سکتے ہیں۔
شرکاء نے ٹریفک پولیس کی اس کاوش کو سراہا اور آئندہ بھی ایسے آگاہی پروگرام جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔