مانسہرہ : پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر حملے میں مانسہرہ تحصیل اوگی کے گاوں باور خان شمدھڑہ کے رہائشی جوان ریاست خان تنولی جام شہادت نوش کر گئے اور مادرے وطن کی حفاظت کیلئے اپنا لہو نچھاور کر دیا۔اللہ تبارک و تعالی جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے آمین ثم آمین۔
واقعہ کی تفصیلات کچھ یوں ہیکہ پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، 3 خودکش حملہ آور ہلاک ہوئے جبکہ 3 ایف سی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر ہوا، حملے کے بعد سنہری مسجد روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور ٹریفک کو صدر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا۔
سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے فیڈرل کانسٹیبلری پر حملہ کیا، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جبکہ دو خودکش حملہ آور فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔