مانسہرہ : صوبائی حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات پراسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ محترمہ ثناء فاطمہ نے ضلع مانسہرہ میں جاری خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کا فیلڈ میں جا کر تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اے سی مانسہرہ نے ویکسینیشن ٹیموں کی حاضری چیک کی۔ بچوں کو لگائی جانے والی ویکسین کے معیار اور اسٹوریج کا معائنہ کیا۔والدین میں آگاہی پھیلانے کے لیے جاری حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
متعلقہ محکمہ صحت کے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ ہر بچے تک یہ ویکسین یقینی طور پر پہنچے۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ اپنے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن لازمی کروائیں تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکے۔
آخر میں اسسٹنٹ کمشنر نے ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔