پاکستان
خیبر پختونخوا کی 26 سرکاری جامعات شدید مالی بحران کا شکار، وفاق سے 18 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ طلب
09-نومبر-2026 — Qazi Jawad
0 تبصرے
35 وزٹ
Read in English
پشاور: خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات کو درپیش سنگین مالی بحران کے پیش نظر صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم نے وفاقی حکومت سے 18 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین کو باضابطہ خط ارسال کیا گیا ہے، جس کے مطابق صوبے کی 34 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں سے 26 شدید مالی خسارے کا سامنا کر رہی ہیں، جس سے تقریباً 2 لاکھ طلبہ کا تعلیمی مستقبل اور تعلیمی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران جامعات کے مجموعی اخراجات 40.8 ارب روپے سے بڑھ کر 54.8 ارب روپے تک پہنچ گئے، جبکہ اسی عرصے میں وفاقی گرانٹس میں 6.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سال 2018-19 کے بعد سے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات میں 135 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جبکہ صرف پنشن کے اخراجات 80 فیصد سے زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے جامعات کی گرانٹ بڑھا کر 11.85 ارب روپے کر دی ہے، تاہم پرانی پنشن کی ذمہ داریوں کے باعث یہ رقم بھی مالی بحران پر قابو پانے کے لیے ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ تاریخی یونیورسٹی آف پشاور کو 2.2 ارب روپے کے مالی خسارے کا سامنا ہے، جبکہ اس کی طویل المدتی پنشن لائبیلیٹی 53.6 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ زرعی یونیورسٹی پشاور، گومل یونیورسٹی اور عبدالولی خان یونیورسٹی مردان بھی مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ مالی وسائل میں اضافے کے لیے جامعات طلبہ کی فیسوں میں 28 فیصد تک اضافہ کر چکی ہیں، جس کے باوجود فیسوں سے مجموعی اخراجات کا صرف 59 سے 64 فیصد حصہ پورا ہو رہا ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری عابداللہ کاکڑ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے فرنٹ لائن کردار نے صوبائی وسائل پر غیر معمولی دباؤ ڈالا ہے، اس لیے جامعات کے استحکام اور نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کے لیے وفاقی مالی معاونت ضروری ہے۔ خط میں تجویز دی گئی ہے کہ خصوصی گرانٹ کا بڑا حصہ مستقل اثاثوں کی تشکیل اور انڈومنٹ فنڈز کے قیام پر خرچ کیا جائے تاکہ جامعات کے لیے مستقل آمدن کے ذرائع پیدا کیے جا سکیں۔
تبصرے (0)
ابھی کوئی تبصرہ موجود نہیں — پہلا تبصرہ آپ کریں۔
تبصرہ کریں