مانسہرہ: سیلابی صورتحال پر صوبائی وزیر بلدیات کا ہنگامی اجلاس، 10 کروڑ روپے ریلیف فنڈ جاری

8

حالیہ فلیش فلڈ اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان کی زیرِ صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر پختون یار خان سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجلاس کو سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مانسہرہ میں اب تک 27 اموات، 153 مکانات کی تباہی اور چار اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے۔

وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر وزراء متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر پختون یار خان کے مطابق جنوبی اضلاع سے مختلف محکموں کے ملازمین اور مشینری کو متاثرہ اضلاع میں بھجوا دیا گیا ہے تاکہ ریلیف آپریشن مزید تیز کیا جا سکے۔

ارشد ایوب خان نے کہا کہ سیلابی آفت میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں صوبائی حکومت برابر کی شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے لیے 10 کروڑ روپے کا ایمرجنسی ریلیف فنڈ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کے ورثاء کو 20،20 لاکھ روپے مالی امداد دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع مانسہرہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو اب تک ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کے چیک فراہم کیے جا چکے ہیں۔ وزیر بلدیات کے مطابق تمام محکمے متاثرہ علاقوں میں باہمی رابطے اور کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں